لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف نے ایک بار پھر علاج کیلئے ہسپتال جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تضحیک کا نشانہ نہیں بن سکتا، علاج کی بھیک نہیں مانگوں گا۔ انھوں نے اہلخانہ اور ذاتی معالج کے علاوہ کسی سے بھی ملاقات نہیں کی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں آج والدہ بیگم شمیم شریف، بھائی شہباز شریف، صاحبزادی مریم نواز، بھتیجے حمزہ شہباز اور یوسف عباس نے ملاقات کی، اہل خانہ نواز شریف کیلئے کھانا اور کپڑے لے کر پہنچے۔
نوازشریف کی والدہ نے کہا کہ بیٹے کی صحت پر فکرمند ہیں، مریم نواز نے چچا اور دادی کے ہمراہ ایک بار پھر والد کو ہسپتال جانے کیلئے منانے کی کوششیں کیں تاہم نواز شریف نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تضحیک کا نشانہ نہیں بن سکتا، علاج کی بھیک نہیں مانگوں گا۔
جاوید ہاشمی نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں پوری قوم کو تشویش لاحق ہے۔ دوسری جانب کوٹ لکھپت جیل کے باہر اظہار یکجہتی کیلئے آئے کارکنان اپنے قائد کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔