لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پرائیویٹ لیبارٹری کی ویب سائٹ ہیک کر کے نواز شریف کی ٹیسٹ رپورٹوں کو بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نواز شریف کو گردوں کی بیماری پرانی ہے اور ذبیاطیس کی وجہ سے گردے مزید متاثر ہو رہے ہیں۔ نواز شریف آمادہ ہوئے تو ہم انہیں ہسپتال داخل کروانے کو تیار ہیں۔
لاہور میں منہاج القرآن فائونڈیشن کی اجتماعی شادیوں کی تقریب کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کو گردوں کا عارضہ نیا نہیں، بہت وقت سے ان کی سیریم کریٹنن کی رپورٹ ٹھیک نہیں آ رہی۔ انہیں گردے میں پتھری بھی ہے، شوگر کا مرض بھی لاحق ہے جس کی وجہ سے ان کے گردے مزید متاثر ہوئے ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے جو تازہ میڈیکل ٹیسٹ ہوئے ہیں ان کی رپورٹس ابھی انہوں نے نہیں دیکھیں، رپورٹس دیکھنے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے کہ ان کا علاج جیل میں ممکن ہے کہ انہیں ہسپتال میں منتقل کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے ٹیسٹ جس لیبارٹری سے کروائے گئے وہ غیرمعیاری نہیں ہے البتہ یہ خبریں آ رہی ہیں کہ نواز شریف کے ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹری کی ویب سائٹ ہیک کر کے نواز شریف کی رپورٹس بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کو جو مسائل ہیں وہ ہمیں بتائیں ہم ان کا علاج کروانے کو تیار ہیں اگر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہوئی اور نواز شریف آمادہ ہوئے تو ہم انہیں ہسپتال داخل کروانے کو تیار ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ سوتیلوں والا سلوک نہیں کیا جا رہا، بار بار اس طرح کے سوالات نہ کئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کوٹ لکھپت کے باہر نون لیگ کے احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ سیاست میں زندہ رہنے کیلئے یہ سب کیا جا رہا ہے اور احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔