لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف طبی معائنے کیلئے جاتی امرا سے شریف میڈیکل سٹی پہنچ گئے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ دیکھا جا رہا ہے پاکستان میں علاج ممکن ہے یا نہیں۔ 6 ہفتے میں علاج ممکن ہو سکے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
نوازشریف میڈیکل ٹیسٹ کروانے کیلئے جاتی امرا پہنچ گئے، نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے شریف سٹی میڈیکل کمپلیکس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چھ ہفتوں میں نوازشریف کا علاج ہوسکتا ہے یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ دیکھا جارہا ہے کہ نوازشریف کا پاکستان میں علاج ہو سکتا ہے یا نہیں۔
دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ نوازشریف کو جیل سے رہا ہوئے ایک ہفتہ ہوگیا۔ کسی ہسپتال میں ان کے داخل ہونے کی ابھی تک خبر نہیں آئی۔ مریم نواز نے بھی کافی دن ہوگئے ٹویٹ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سوچ رہا ہوں کہ خود ہی نوازشریف کو خط لکھوں، ان کی خیریت پوچھنا چاہتا ہوں۔ فواد چوہدری نے کہا امید ہے جیل سے گھر جانے کے بعد نواز شریف کے ذہنی تناو میں بھی کمی آئی ہو گی اور اب انہیں خوشگوار ماحول بھی میسر ہو گا۔
فواد چوہدری نے کہا اب نوازشریف کو اس خوشگوار ماحول میں ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنے کا بھی سوچنا چاہیے، نوازشریف کو جلد یا بدیر لوٹی دولت تو واپس کرنا ہی ہو گی۔