لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے، وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صحت پر حکومت پنجاب کا موقف پیش کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حکومت پنجاب کا موقف جاننے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معزز عدالت کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے پیر کے روز اپنے قانون ماہرین کو مشاورت کے لئے طلب کیا ہے۔
قانونی ماہرین کی مشاورت سے حکومت پنجاب کے موقف کو حتمی شکل دی جائے گی اور وزیراعلیٰ معزز عدالت کے سامنے وہ موقف رکھیں گے۔
نواز شریف کا اس وقت سروسز ہسپتال لاہور میں علاج جاری ہے۔ حکومت پنجاب کا اعلیٰ سطح کا میڈیکل بورڈ ان کا علاج کر رہا ہے۔