لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، انتشار کی سیاست میں وقت ضائع کرنا ملک و قوم سے زیادتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے پروگرام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا سیاسی قوتوں کو موجودہ حالات میں بالغ نظری اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ترقی کے سفر کو افراتفری کی سیاست کی نذر کرنا دانشمندی نہیں، منفی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش کا دامن تھامنا چاہیئے، تبدیلی سے خوف زدہ عناصر صرف تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا تنقید کی پرواہ نہیں، عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا، پاکستان میں صرف عوام کی خوشحالی کی سیاست ہوگی، 22 کروڑ عوام کبھی بھی ایسے عناصر کا ساتھ نہیں دیں گے جو ذاتی مفادات کی خاطر ملک میں عدم استحکام پھیلانا چاہیتے ہیں، اراکین اسمبلی عوام سے رابطے مزید بڑھائیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔