لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معزز مہمانوں برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو کل لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا کہ لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے دورے کی یادیں آج بھی پاکستانیوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔ شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے تعلقات کے مزید فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مثالی ہیں۔ برطانیہ کا پاکستان کی سماجی ترقی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔