لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی کا کہنا ہے کہ جن ملازمین کی مدت ملازمت 3 برس ہو چکی ہے، انہیں دو ہفتوں میں ریگولر کردیا جائے گا۔ انہوں نے ریسکیورز کے 50 فیصد ایمرجنسی الاؤنس کو بحال کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 کے 15 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ملازمین کیلئے سروس سٹرکچر دو ہفتے میں مکمل کرکے نافذ کیا جائے گا۔ ریسکیو 1122 کے ملازمین کیلئے 2017ء سے ایمرجنسی الاؤنس پر جو 50 فیصد کٹوتی کی گئی اس الاؤنس کو بحال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس کے خواب کو عملی جامع پہنایا گیا ہے، جس کا کریڈٹ ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے اپنی محنت اور عوامی خدمت سے اس ادارے کو ملک کے بہترین اداروں میں سے ایک بنا دیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے جوان خوش قسمت ترین لوگ ہیں جو اپنے فرائض منصبی کیساتھ ساتھ رضائے الہیٰ اور عوام کی دعائیں بھی سمیٹ رہے ہیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا دائرہ کار تمام اضلاع سے بتدریج تمام تحصیلوں تک پھیلایا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں 7 منٹ کا اوسط رسپانس ٹائم برقرار رکھنے کا ریکارڈ قابل ستائش ہے۔ موٹر سائیکل ایمرجنسی سروس کے ذریعے 4 منٹ کا رسپانس ٹائم بھی ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی سارک ممالک کے لئے ماڈل کا درجہ رکھتی ہے۔ پنجاب بھر میں ایمرجنسی صورتحال میں 75 لاکھ لوگوں کی مدد کی گئی ہے۔