اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو آج شام اسلام آباد بلا لیا، ملاقات میں آزادی مارچ، ڈاکٹرز کا احتجاج اور ترقیاتی منصوبوں کے امور زیر بحث ائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کی ملاقات آج شام اسلام آباد میں ہو گی جس میں آزادی مارچ کے حوالے سے پنجاب حکومت کی حکمت عملی زیر غور آنے کا امکان ہے وزیراعلی آزادی مارچ کے حوالے سے وزیراعظم سے رہنمائی حاصل کریں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار وزیراعظم کو آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت پنجاب کے لائحہ عمل اور اقدامات پر بریف کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب آزادی مارچ کے حوالے سے امن و امان کے فیصلوں کے لئے پہلے ہی ایک اجلاس کر چکی ہے، وزیراعلی صوبے کے متعدد امور بارے وزیراعظم سے منظوری حاصل کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے حوالے سے بھی وزیر اعظم سے آئندہ لائحہ عمل کے لئے مشاورت کریں گے جبکہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبے اور دیگر امور بھی ملاقات میں زیر غور آئیں گے۔