لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی کے ایل آئی میں ڈائلیسیز یونٹ کا افتتاح کر دیا، یونٹ 2 میں 36 ڈائلیسیز مشینیں فراہم کی گئی ہیں، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ ہسپتال کی عمارت کو رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اوردیگر حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈائلیسیز یونٹ کا دورہ کیا اورمریضوں کی عیادت کی۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ انسٹی ٹیوٹ میں گردے اور جگر کے مریضوں کیلئے معیاری طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، مزید 6 آپریشن تھیٹرز وسط اکتوبر تک فنکشنل ہو جائیں گے۔اس انسٹی ٹیوٹ میں رواں برس 3 لیور ٹرانسپلانٹ اور 31 کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے گئے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دیگر 3 فلور مکمل ہونے سے 475 بستروں کا اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ کو انسٹی ٹیوٹ کے امور کے بارے میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ جنوری سے ستمبر تک او پی ڈی میں تقریباً 48 ہزار مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ 9 ماہ میں 9 ہزار 257 مریضوں کے ڈائلیسیز کئے گئے ہیں۔