سانحہ چونیاں: بچوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

Last Updated On 01 October,2019 10:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چونیاں میں 4 بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے میں ملوث ایک ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کے دوران ملزم کی تصویر میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیر حراست ملزم نے چاروں وارداتیں کیں۔ کیس میں تاخیرکرنے والے اہلکاروں کیخلاف ایکشن لیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق چونیاں میں 4 بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا منطقی انجام کے قریب پہنچ گیا ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کا نام سہیل شہزاد ولد محمد اسلم ہے جس کی تصویر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے میڈیا کے سامنے پیش کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: چونیاں: 3 بچوں کا قتل، ورثا اور شہریوں کا تھانہ سٹی کے باہر احتجاج، پتھراؤ

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 27سالہ سہیل شہزاد نے تمام وارداتیں کیں، ملزم کا اے ٹی سی کورٹ سے ریمانڈ لیں گے۔ ملزم کو پکڑنے کے لیے پنجاب پولیس، انٹیلی جنس اداروں نے بہت محنت کی، مظلوم خاندانوں کو انصاف ملے گا، پراسیکوٹراس کیس کی خود پیروی کریں گے۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چونیاں کو سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، اس کیس میں انصاف دلوانے کا وعدہ پورا کریں گے۔ قصور میں چائلڈ پروٹیکشن کا ادارہ بنایا جائے گا۔ پولیس اصلاحات پرکام کررہے ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کی کارکردگی کے حوالے سے فیصلہ آپ (صحافی) نے نہیں میں نے کرنا ہے۔

رحیم یار خان میں قتل ہونے والے صلاح الدین کیس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں کر سکتے، کیس میں خود جج بن کرسزا نہیں دے سکتا۔