لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں جرأت اور مدلل انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، ان کی تاریخ ساز تقریر کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور ترجمانی کا حق ادا کیا ہے، عمران خان نے بھارت کے فاشسٹ عزائم کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا، یہ تقریر مودی سرکار کے خلاف چارج شیٹ اور دنیا کیلئے وارننگ ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر ہیں، تقریر کا ایک ایک لفظ دل سے نکلا، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کا مقدمہ مدبر بن کر لڑا ہے، پاکستان کے کسی وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں ایسی بے لاگ اور دلیرانہ تقریر نہیں کی، وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت اور اس کے ہولناک نتائج سے آگاہ کیا۔