ساہیوال: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے عملہ ہر وقت مستعد اور چوکس رہے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو جرائم کے بارے میں نوٹالرنس کا رویہ اپنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلی پنجاب ملتان سے واپسی پر اچانک ساہیوال پہنچے اور شہر میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال شہر میں پی ایچ اے کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور عمدہ کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔
سرکٹ ہاؤس ساہیوال میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن، آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔
آر پی او ساہیوال ڈویژن اور ڈی پی او نے وزیراعلیٰ کو ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو جرائم کے بارے میں نوٹالرنس کا رویہ اپنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے عملہ ہر وقت مستعد اور چوکس رہے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری ہر حال میں پوری کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو جرائم پر کنٹرول کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ شہروں کے اچانک دورے کرکے امن وامان، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر امورکا جائزہ لیتا رہوں گا۔ عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہی کیلئے فیلڈ کے دورے جاری رہیں گے۔ پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کسی بھی شہر میں جا سکتا ہوں۔