لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نزدار نے چکوال اور جہلم کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جبکہ چکوال کیلئے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج چکوال میں ضلع چکوال اور ضلع جہلم کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے چکوال اورجہلم کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام کی خدمت کے ایک اور وعدہ پورا ہونے پر اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔ صحت انصاف کارڈ مستحق افراد کیلئے مفت علاج کا بہت بڑا پروگرام ہے اور اس کارڈ کے ذریعے مستحق افراد 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج کرا سکتے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر یہ رقم دوبارہ بھی مستحق افراد کو دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں برس تک صحت انصاف کارڈ کے ذریعے صوبے کے سوا 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے اور اس کارڈ کے ذریعے صوبے کی مجموعی آبادی کے 30 فیصد حصے کو بہترین ہیلتھ کور فراہم کیا جائیگا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ ہولڈر ایمرجنسی سمیت 8 بڑی بیماریوں کا علاج کروا سکے گا۔ ضلع چکوال کے 4 لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوں گے اور ضلع کی 29 فیصد آبادی کو ہیلتھ کور فراہم کیا جائے گا جبکہ ضلع جہلم میں 27 فیصد آبادی کو ہیلتھ کور حاصل ہوگا اور ضلع جہلم کے 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک برس کے دوران ہسپتالوں میں 9 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا ہے۔ ہماری حکومت صوبے میں 9 نئے ہسپتال بنا رہی ہے جبکہ گزشتہ 26 برس سے کسی حکومت نے نئے ہسپتال بنانے پر توجہ نہیں دی۔ ہیلتھ کے بجٹ میں 30 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ چکوال کیلئے رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 99 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں اوران منصوبوں کی تکمیل پر ساڑھے 26 ارب روپے سے زائد صرف ہوں گے۔