لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کاشتکاروں سے مشاورت کے لئے ایڈوائزی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
ایڈوائزی کمیٹی کاشتکاروں کے مسائل اور سفارشات پر مبنی رپورٹ جلد پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ قصور میں گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کے اسباب کو دور کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین محمد انور اوردیگرعہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت اور خوراک کاشتکاروں کی سفارشات کے مطابق پالیسیاں ترتیب دے۔ محکمہ زراعت اور ایگری کلچر مارکیٹنگ کسانوں سے روابط بڑھائیں۔ ہر ضلع اور ڈویژن کی سطح پر مشاورتی عمل میں کسان بھائیوں کی شرکت سے خوش آئند نتائج برآمد ہوں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سب ٹھیک کی رپورٹ کا رویہ بدلنا ہوگا۔ سٹیک ہولڈر سے مشاورت ضروری ہے۔ زرعی ٹیوب ویل کیلئے بجلی کے نرخ اور واجبات کے بارے میں وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔
اجناس کے نرخ مقرر کرنے کے معاملے پر وفاقی حکومت کو کاشتکاروں کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ کاشتکاروں پر درج مقدمات کے بارے میں پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔