لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن کی سرگرمیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت قوم میں نفاق ڈالنے کا نہیں بلکہ اتفاق اور اتحاد کا ہے۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
اپوزیشن کی احتجاجی سرگرمیوں پر اپنے ردعمل میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں لیکن کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ مثبت سوچ اورقومی مفادات کو مقدم رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کبھی بھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی۔ ہماری حکومت نے ہمیشہ ملک وقوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔ حکومت نے ایک برس کے دوران بے پناہ محنت کیساتھ ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کر دیا ہے۔