لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت اور جسمانی ریمانڈ نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، عدالت کل فیصلہ سنائے گی۔
لاہور کی مقامی عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت اور پراسیکیوشن کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی اور وکلا کے دلائل سنے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کیخلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وکیل نے نشاندہی کی کہ جس بیان پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کیا گیا اس طرح کے بیانات پر حکمران جماعت کے ارکان کیخلاف بھی مقدمات درج ہونے چاہیں۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل نے جوڈیشل ریمانڈ کی جگہ جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی مخالفت کی اور قرار دیا کہ یہ مقدمہ ہی بے بنیاد ہے، اسے خارج کیا جائے۔
سرکاری وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی اور بتایا کہ مقدمات کی دفعات ناقابل ضمانت ہیں۔ سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے تفتیش کرنی ہے، اس لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے درخواستوں پر کارروائی مکمل کر لی اور فیصلہ محفوظ کر لیا۔