کوئی غیر آئینی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم کا دو ٹوک اعلان

Last Updated On 05 November,2019 09:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بہت پہلے بتا دیا تھا کہ کرپٹ مافیا سڑکوں پر نکلے گا۔ اپوزیشن کا مقصد اپنا مفاد اور کرپشن کا تحفظ ہے۔ انھیں ڈر ہے کہ کہیں حکومت اصلاحاتی ایجنڈے میں کامیاب نہ ہو جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے مسائل بتا رہے ہیں حالانکہ عام لوگوں کا مسئلہ مہنگائی ہے، میری ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی (ف) کے دھرنے اور مہنگائی سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے وزرا کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں کےمنصوبے جلد مکمل کریں۔ اس کے علاوہ حکومتی ارکان مہنگائی کےاسباب کی نشاندہی کریں، مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات خود مانیٹر کروں گا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف دھرنے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں کیساتھ حکومتی کمیٹی معاملات دیکھ رہی ہے اور اپنا کام کر رہی ہے، جلد معاملہ حل ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایات جاری کی کہ وزرا مہنگائی کے خلاف کمر کس لیں۔ اگلے چند روز میں مہنگائی پر مل کر قابو پانا ہے۔ مہنگائی کا کنٹرول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس بھی ہوا جس میں ملک کی سیاسی اورمعاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ معاشی ٹیم نے نئے معاشی اعدادوشمار پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار رتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال خسارہ 13 ارب ڈالرتھا جسے اس سال 7 ارب ڈالر تک لایا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو 20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا۔ حکومتی پالیسی سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 32 فیصد کم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بہت پہلے بتا دیا تھا کہ کرپٹ مافیا سڑکوں پر نکلیں گے۔ اپوزیشن کا مقصد اپنا مفاد اور کرپشن کا تحفظ ہے۔ انھیں ڈر ہے کہ کہیں حکومت اصلاحاتی ایجنڈے میں کامیاب نہ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کامیابی سے ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی۔ کرپٹ مافیا ملک میں افراتفری اور غیر یقینی پھیلانا چاہتا ہے۔