اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزادی مارچ کے شرکا کا اسلام آباد کے قریب کشمیر ہائی وے پشاور موڑ پر دھرنا جاری ہے، وقت گزاری کے لئے کارکنوں کی موج مستی، مختلف کھیلوں میں مشغول ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں جے یو آئی ف کے آزادی مارچ میں شریک کارکنوں نے بھی وقت گزاری کے لئے مختلف سرگرمیوں کا سہارا لے لیا۔ صبح ہوتے ہی کارکن ایک جگہ پر جمع ہو جاتے ہیں اور تازہ دم رہنے کیلئے مختلف کھیلوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔
کوئی چائے کی چسکیاں لیتا نظر آتا ہے تو کوئی ہائی جمپ سے دل بہلاتا نظر آیا، پکڑن پکڑائی کے کھیل سے دھرنے والے محظوظ ہو رہے ہیں، کارکنوں نے ایک نئی دنیا بسائی ہوئی ہے۔ جے یوآئی ف کے کارکن دن بھر مختلف سرگرمیوں مصروف رہتے ہیں اور شام ہوتے ہی دوبارہ اپنے قائد کی تقریر سننے کیلئے جمع ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب گھر سے دور آزادی مارچ کے شرکاء نے موبائل فون چارج کرنے کے لئے مستقل حل ڈھونڈ لیا، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اب فون ہوں یا ایمرجنسی لائیٹس، دن رات سب کچھ سولر انرجی پینلز سے ہی چارج ہوتا ہے۔ آزادی مارچ کے شرکاء کا سولر سسٹم سے بھرپور استعفادہ بتا رہا ہے کہ مدارس کے طلباء بھی جدید ٹیکنالوجی سے خوب آشنا ہیں۔