اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام عوامی جماعتیں اختلافات اور چھوٹے چھوٹے مفادات کو عوامی مشکلات پر ترجیح نہ دیں۔
مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ دھاندلی زدہ حکمرانوں سی نجات چاہتے ہیں یا ان کے اقتدار کو طول دینا؟ جو جماعت غاصب حکمرانوں کے سامنے تذبذب کا شکار ہوئی، تاریخ اسے معاف نہیں کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ کیا حکمرانوں کے خلاف احتجاج صرف جے یو آئی (ف) کا فیصلہ تھا؟ آپ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ مل کر عوامی حکمرانی کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی بنائیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ خدارا عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں۔ آپ خلوص دل سے حکمت عملی بنائیں، جے یو آئی (ف) آپ کا ہراول دستہ ہوگی۔ خواہش ہے کہ تمام جمہوری قوتیں مل کر کردار ادا کریں۔