اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے حکومت مخالف احتجاجی دھرنے میں توسیع سے وفاقی پولیس کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، دیئے گئے7 کروڑ روپے ختم ہونے کے قریب ہیں۔
اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کا احتجاجی دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا، دھرنے میں توسیع کے باعث پولیس کی مالی و انتظامی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دئیے جانے والے 7 کروڑ روپے ختم ہونے کے قریب جبکہ مانگے گئے 25 کروڑ میں سے باقی 18 کروڑ روپے تاحال جاری نہیں کیے گئے۔
کوہسار کمپلیکس میں رہائش پذیر پولیس اہلکاروں کو بلڈنگ سے نکالے جانے کے بعد اہلکاروں کی رہائش کا بھی مسئلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، دیگر علاقوں سے بلوائے گئے اہلکار سڑکوں پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ آزادی مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کے لئے وفاقی دارالحکومت میں 23 ہزار اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔