لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے کے باعث باغوں کے شہر لاہور میں سموگ کا راج برقرار ہے، بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کا سلسلہ جاری ہے، امریکی ادارے ناسا کی جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر نے انڈین سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
لاہور کا اوسطاً ایئر کوالٹی انڈیکس 427 پر پہنچ گیا۔ سب سے زیادہ آلودہ علاقہ اپر مال پر ایئر کوالٹی انڈیکس 1143 ریکارڈ کیا گیا، گلبرگ میں 583، شملہ پہاڑی اور اطراف میں 545 اے کیو آئی ہوگیا۔
پنجاب اسمبلی چیئرنگ کراس کا 513، سندر انڈسٹریل سٹیٹ میں 441 اے کیو آئی ریکارڈ کی گئی، کینال روڈ کا 423 اور علامہ اقبال ٹاؤن کا 347 ائیر کوالٹی انڈیکس ہوگیا۔ واہگہ بارڈر کے سرحدی علاقوں کا ائیر کوالٹی انڈیکس 338 ریکارڈ کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر راشد ضیاء کا کہنا ہے کہ بچے اور بزرگ موجودہ موسم میں بہت زیادہ احتیاط کریں، شہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات اجمل شاد کا کہنا ہے کہ اس وقت مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے بالائی علاقوں سے گزر رہا ہے، بارش کے بعد فضائی آلودگی میں کمی آ جائے گی، فضائی آلودگی میں اضافے کے بعد کھانسی، فلو اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔