اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، کلبھوشن سے متعلق فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے، عالمی عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت کی کمر دیوار کے ساتھ لگ چکی، انڈیا کو سمجھ نہیں آ رہی آرٹیکل 370 کے فیصلے سے کیسے باہر نکلیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں اجتماعات پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، درگاہ حضرت بل سمیت متعدد مساجد و خانقاہوں کو عیدمیلاد النبیؐ پر بند کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا بابری مسجد فیصلے کے بعد ہندوستان میں تمام عبادت گاہیں خطرے میں آ گئیں، اس معاملے کو مختلف فورمز پر اٹھائیں گے، بابری مسجد کو اپنا اندرونی معاملہ قرارا دینے کے باوجود وہ او آئی سی کے ایجنڈا پر موجود ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا اپنی سیکیورٹی سے غافل نہیں، ایل او سی پر ہونے والی کسی بھی کارروائی کا جواب دینگے۔ انہوں نے کہا حریم شاہ کے دفتر خارجہ داخلے کے معاملے پر معلومات اکٹھی کرلیں، ایسےاقدامات کیے گئے ہیں تا کہ مستقبل میں ایسا واقعہ نہ ہو۔