اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی ف کا پلان بی کے تحت دھرنا جاری ہے، کراچی، نوشہرہ، بنوں، ملاکنڈ میں کارکنوں کی بڑی تعداد آج بھی مختلف شاہراہوں پر بیٹھی رہی، راستے بند ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔
کراچی میں جمیعت علمائے اسلام کے کارکنوں نے پانچویں روز بھی حب ریور روڈ پر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی، گھوٹکی میں دھرنے کے باعث سندھ پنجاب دونوں اطراف سے ٹریفک معطل رہی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
خیبرپختونخوا میں بھی جے یو آئی ف کے کارکنوں نے پانچویں روز بھی چار مقامات پر شاہراہوں کو بند کیا، دھرنے کے باعث جی ٹی روڈ نوشہرہ حکیم آباد کے مقام پر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ بٹگرام، چکدرہ، شاہراہ ریشم اور بنوں انڈٖس ہائی وے پر بھی کارکنوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور سڑک بلاک کی۔
بنوں ہائی وے بند ہونے سے بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مالاکنڈ میں بھی جے یوآئی کے دھرنے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا، صرف ایمبولینس کو جانے کی اجازت دی گئی۔