سموگ :مصنوعی بارش کی تجویز،35کروڑ خرچ ہونگے

Last Updated On 22 November,2019 03:02 pm

لاہو(روزنامہ دنیا )سموگ کی روک تھام کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے مصنوعی بارش کے حوالے سے سمری سیکرٹری فنانس کو بھجوا دی ۔شہر میں مصنوعی بارش کرنے پر 35کروڑ روپے خرچ کا تخمینہ بھجوایا گیا ہے۔

کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی کا کہنا ہے سیکر ٹری خزانہ کو سمری بھجوا دی ہے ، راکٹ فائر کے ذریعے کلائوڈ سیڈنگ کا عمل وزیر اعلیٰ پنجاب کی اجازت سے مشروط ہے ۔اگر اجازت مل گئی تو شہر کے سموگ زدہ مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش کروائی جائے گی، محکمہ موسمیات اور محکمہ ماحولیات کے احکامات پر بادل بنانے کیلئے راکٹ فائر کئے جائیں گے۔

کنسلٹنسی کے لئے دبئی اور چین سے بات چل رہی ہے ورکنگ پیپر اور پی سی ون کی تیاری وزیر اعلیٰ کی اجازت کے بعد شروع کر دی جائے گی ۔ آنے والے سالوں میں سموگ کم نہیں بلکہ زیادہ شدت اختیار کرے گی ۔ کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات کو کلائوڈ سیڈنگ کی طرف آنا ہو گا ، تاکہ شہری اس پریشانی سے بچ سکیں ۔

 

Advertisement