نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان نے سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے لیے بھارتی اہلیت پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے۔ منیر اکرم نے کہا یو این قراردادوں کی دھجیاں اڑانے والا بھارت غیر مستقل رکن بننے کا بھی اہل نہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کرنے والا ملک مستقل تو کیا غیر مستقل رکن بننے کا بھی اہل نہیں، جو ملک طاقت کے زور پر مغلوب عوام کے حقوق سلب کرے وہ کیسے عالمی امن کا ضامن ہو سکتا ہے۔
منیر اکرم نے مزید کہا بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بدترین خلاف ورزیاں کرتا آیا ہے، وہ ایک مقبوضہ خطے میں 9 لاکھ فوج کے ساتھ دہشت پھیلا رہا ہے، اس نے 80 لاکھ افراد پر 100 سے زائد روز سے کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلط کر رکھا ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، اپنے ملک کی اقلیتوں کے ساتھ بھی یہی کر رہا ہے۔