پٹرول کی قیمت میں صرف 25 پیسے کمی، عوام حیرت زدہ

Last Updated On 01 December,2019 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 25 پیسے کمی نے عوام کو حیرت زدہ کردیا۔ کہتے ہیں حکومت نے اتنی کمی کرکے بڑا احسان کیا ہے۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے طنزیہ ٹویٹ میں کہا کہ حاتم طائی کی قبر پر جو لات ماری گئی ہے، اس کے جھٹکے پوری دنیا میں محسوس کئے گئے۔

تفصیل کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایسی کمی کی گئی کہ سب حیران اور پریشان ہو گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پٹرول صرف 25 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا جس پر عوام سر پکڑ بیٹھ گئے۔ کہتے ہیں حکومت نے تو حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 90 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 83 پیسے فی لٹرکمی کی گئی۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی 83 روپے 43 پیسے لٹر ہو گئی ہے۔

ہائی سپیڈ ڈیزل 125 روپے 1 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 96 روپے 35 پیسے لٹر میں دستیاب ہے۔
 

Advertisement