بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، 2 شہری شہید، فوجی جوانوں سمیت 5 زخمی

Last Updated On 20 December,2019 08:49 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے 2 شہری شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 14 سالہ شہریار اور 29 سالہ نوید شامل ہیں۔

بھارتی فوج نے ایل او سی کی سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے لسوا گاؤں کی خاتون سمیت 2 شہری زخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان زخمی بھی ہوئے۔ پاک کی فوج جوابی کارروائی سے بھارتی چوکی تباہ ہو گئی اور انھیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی: آئی ایس پی آر

یاد رہے کہ آج ہی ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان اشتعال انگیز ہے۔ ایل او سی پر کشیدگی بڑھا کر شہریت ترمیمی بل کیخلاف احتجاج سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
 

Advertisement