اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف اے ٹی ایف اہداف پر پیشرفت رپورٹ دینے کی ڈیڈ لائن قریب آگئی۔ کرنسی سمگلر کی روک تھام کے لیے قانون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق قانون ابتدائی طور پر آرڈیننس کی شکل میں نافذ ہوگا، آرڈیننس کو بجٹ میں قانون کی شکل دے دی جائے گی، قانون کا مقصد کیش کورئیرز کے ذریعے کرنسی کی سمگلنگ روکنا ہے، کیش کورئیرز کیخلاف ایکشن ایف اے ٹی ایف کا ہدف ہے، کم وقت میں ہدف حصول کیلئے قانون پارلیمنٹ میں نہیں لایا جاسکتا۔
ذرائع کے مطابق انسداد منی لانڈرنگ آرڈیننس 8 جنوری 2020 سے پہلے لائے جانے کا امکان ہے، ایف اے ٹی ایف کو 8 جنوری تک 150 سوالات کے جوابات کی رپورٹ دینا ہے، ایف اے ٹی ایف کے سوالات میں کرنسی سمگلنگ کی روک تھام کے سوال بھی موجود ہیں۔