قانون سازی کسی ایک شخصیت یا کسی ایک ادارے کے لیے نہیں تھی، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 08 January,2020 05:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قانون سازی کسی ایک شخصیت یا کسی ایک ادارے کے لیے نہیں تھی، آج کی قانون سازی میں سقم کو ختم کیا گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن کی تعریف کی اور کہا کہ جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں نے قومی مفاد کو طاقت دی اور اہم قومی معاملے پر یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس مفاہمت اور اتحاد کی جھلک قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نظر آئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ ملٹری اور سیاسی لیڈرشپ اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کے مفاد میں مل کر فیصلے کرکے پاکستان کو طاقتور بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں متفق ہیں کہ پاکستان کو اتفاق رائے سے آگے لے کر چلنا ہے۔ ہم پرامید ہیں کہ اپوزیشن وسیع تر قومی مفاد میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئے گی۔ تاہم اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ جہاں ہم سے غلطی ہو، اپوزیشن نشاندہی کرے، اصلاح کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے سینیٹ میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ قانون میں سقم کو پارلیمنٹ نے ختم کر دیا ہے۔ جبکہ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سینیٹ سے مجوزہ بلوں کی منظوری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ امید ہے اپوزیشن مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
 

Advertisement