لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کا لاہور میں ایک اور کارنامہ، گاڑی کو معمولی ٹکر مارنے والے ڈرائیور کو گالیاں اور دھمکیاں، موقع پر موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔
حسان نیازی نے ٹکر مارنے والی دوسری گاڑی کی چابی نکال لی اور اسے ٹھوکریں مارتے رہے۔ یہ واقعہ لاہور کے ایک نجی کلب میں داخل ہوتے ہوئے پیش آیا جہاں پیچھے سے آنے والی گاڑی وزیراعظم کے بھانجے کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حسان نیازی نے دوسری گاڑی کے ڈرائیور کو گالیاں دیتے ہوئے اسے گالیاں اور دھمکیاں بھی دیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم کے بھانجے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) لڑائی جھگڑا کیس چل رہا ہے۔
حسان نیازی نے اس واقعے پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی لگنے سے تلخ کلامی ہوئی اور مجھے غصہ آ گیا۔ میں پچھلے وزیراعظم کے بچوں کی طرح نہیں ہوں جو سرکاری پیسے لوں، میں عام آدمی ہوں اور عام آدمی کی طرح میرا پوائنٹ جان لیتے۔ میرا نقصان ہوا، میں اس کو اپنے نقصان کے بارے میں پوچھوں بھی ناں؟
حسان نیازی نے کہا کہ میں نے کسی ٹریفک پولیس والے کو کال نہیں کی۔ مجھے مکا پڑ گیا، اس نے انصاف اپنا لے لیا۔ مجھے مکے سے زیادہ اس ڈرائیور کی نوکری عزیز تھی، اس لئے میں نے کچھ نہیں کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کوئی مقدمہ درج کراؤں گا اور نہ ہی کوئی درخواست دوں گا۔ میں اتنے چھوٹے سے واقعے پر کسی کا ٹائم نہیں ضائع کروں گا۔