ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات جائز، تمام وعدے پورے کریں گے: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 12 January,2020 10:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے انھیں پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کو منانے کی کوششیں تیز کردیں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ایم کیو ایم سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اسد عمر بھی منگل کو وفد کے ہمراہ ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات جائز ہیں، ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی بہترین اور بااعتماد اتحادی ہے۔ کراچی ملک کی معاشی حب ہے، اس کو کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے۔ شہر قائد کے عوام نے تحریک
انصاف پر اعتماد کیا، اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔
 
یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ

 

خبریں ہیں کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ فیصلہ کرنے سے پہلے وفاقی حکومت سے رابطہ کر لیتے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے تحفظات مل بیٹھ کر حل کر لیے جائیں گے، حکومت مضبوط ہے، مجھے یقین ہے ایم کیو ایم ہمارے اتحاد کا حصہ رہے گی۔ (ن) لیگ کوخواب آ رہا ہے کہ 2020 میں انتخابات ہوں گے۔

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فروغ نسیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی، فیصل واوڈا نے فروغ نسیم کو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال پر مختلف تناظر سے تفصیلی بات چیت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان وزیراعظم کی سوچ کی عکاسی کے عین مطابق سیاسی جماعت ہے۔ وزیراعظم اور ہم اپنے اتحادیوں کو بھائی سمجھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت سے الگ نہیں ہونے دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کریں گے اور اسے ہر صورت منائیں گے۔ ہم نے ایم کیو ایم کا ہاتھ چھوڑنے کیلئے نہیں پکڑا۔
 

 

 

Advertisement