کراچی: (دنیا نیوز) خالد مقبول کی کابینہ سے علیحدگی کے بعد منانے کی کوششیں، گورنر ہاوس سندھ میں کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر اور دیگر پی ٹی آئی رہنما شریک ہوئے تاہم ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی رکن شریک نہیںہوا.
حکومت اتحادی جماعت کو رام کرنے کیلئے متحرک، اسد عمر کی زیر صدارت کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس کراچی میں ہوا۔ متحدہ کی جانب سےاجلاس میں وسیم اختر، فیصل سبزواری اور قمر نوید نے شرکت کرنی تھی جنہوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز کنوینرایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کا وفاقی حکومت بنانے میں ساتھ دیا تھا لیکن ہمارے مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم انہوں نے حکومت سے اتحاد ختم کرنے کی افواہوں کی تردید کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے متحدہ کے مطالبات جائز قرار دیتے ہوئے پارٹی رہنماوں اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے رابطے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا تھا۔