ایم کیوایم پاکستان کےسربراہ خالد مقبول صدیقی کاوفاقی وزیر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

Last Updated On 12 January,2020 11:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) خالد مقبول صدیقی کا میڈیا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل حل نہیں ہو رہے، اس لئے کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے، تاہم حکومت کے اتحادی ہیں اور تعاون جاری رہے گا۔

 خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کا وفاقی حکومت بنانے میں ساتھ دیا تھا لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی، حکومت کے اتحادی ہیں اور اس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے تاہم حکومت میں بیٹھنا اور ڈیڑھ سال تک انتظار کرنا بہت سارے خدشات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت سے فائدہ ہی نہ ہو رہا ہو تو کابینہ میں بیٹھنا بےسود ہے۔

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے 2 معاہدے ہوئے تھے، ایک معاہدہ بہادرآباد اور دوسرا بنی گالہ میں ہوا، جہانگیر ترین بھی ان مواقع پر موجود رہے، ہر مشکل موقع پر حکومت کا ساتھ دیا لیکن سندھ کے شہری علاقوں سے ناانصافی کی جا رہی ہے۔ ہزاروں ارب دینے والےشہر کو ایک ارب نہیں دیا جا رہا، گزشتہ دنوں کہیں اور سے بھی وزارتوں کی بات ہوئی تھی، آج کے اعلان کا اس پیشکش سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف سے 2 وزارتیں مانگی تھیں جن میں سے ایک وزارت آج بھی طلب کرتے رہے۔ وزارت قانون نہیں مانگی تھی، جو 2 نام تحریک انصاف کو دیئے تھے ان میں فروغ نسیم کا نام شامل نہیں تھا۔ حکومت کو موقع دے رہے ہیں کہ آپ کراچی اور سندھ کے لوگوں کو ثابت کریں کہ آپ یہاں کے بھی وزیراعظم اور صدر ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستاں نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے کراچی بحالی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کراچی بحالی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس پیر کو 10 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ فیصل سبزواری اور کنور نوید جمیل کو اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔
 
 

Advertisement