اسلام آباد: (دنیا نیوز) اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے حکومت متحرک، اتحادیوں کے ساتھ ملاقاتیں اور رابطوں میں تیزی آگئی۔ حکومتی کمیٹی کل ق لیگ کی قیادت سے بھی ملاقات کرے گی۔
ق لیگ کی قیادت سے ملاقات میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، جہانگیر ترین اور پرویز خٹک شریک ہوں گے۔ جہانگیر ترین نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سے بھی رابطہ کیا ہے جس کے بعد حکومتی کمیٹی اور بی این پی مینگل میں جلد ملاقات متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق لاپتہ کارکنان سے متعلق بی این پی کے مطالبہ پر عمل درآمد جلد شروع ہو گا جبکہ بی این پی کے تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز بھی فراہم کر دئیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کر دی ہے کہ خالد مقبول صدیقی حکومتی ٹیم یا وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے اسلام آباد آ رہےہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم سے جو بھی ملاقات ہوگی وہ کراچی میں ہی ہوگی۔