لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے۔
نواز شریف کی صحت کے حوالے سے 10 صفحات پر مشتمل یہ میڈیکل رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو جمع کرائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریانیں سکڑی ہوئی ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے مختلف سکین ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں دل کا علاج تجویز کیا ہے، ان کی صحت بدستور خراب ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جب سابق وزیراعظم کا علاج مکمل نہیں ہو جاتا وہ برطانیہ میں ہی رہیں۔ رپورٹ میں نواز شریف کو روزانہ چہل قدمی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے لندن میں قیام میں توسیع کا معاملہ، محکمہ داخلہ کے رپورٹ پر تحفظات
ادھر ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف کی دوسری میڈیکل رپورٹ پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اس کو بورڈ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب ذرائع بتاتے ہیں کہ اس حوالے سے آج ہونے اجلاس میں کہا گیا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کو اس وقت تک درست نہیں قرار دیا جا سکتا جب تک متعلقہ بورڈ اس کو درست نہیں قرار دیتا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ صحت پنجاب میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے کر تجاویز پیش کرے۔ محکمہ صحت پنجاب میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے گا، ان کی تجاویز آنے کے بعد ہی رپورٹ کو صوبائی کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائے گا۔