پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم، شہری پریشان

Published On 01 July,2025 09:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم کر دی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ بند کر دیا گیا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ بند کئے جانے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پہلے کی طرح چل رہا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں پہلے ہی عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، نئے بجٹ میں دواؤں کی مد میں 33 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں دواؤں کی قلت نہیں۔

دوسری جانب شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ ہیلتھ کارڈ حکومت کا اچھا اقدام تھا اسے ختم کرنا غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔