لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے درمیان آئندہ 10 سال کے ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ورلڈ بینک کے نمائندگان کے ساتھ اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس ہوا جس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی رفتار، پیشرفت اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل احمد اعوان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام، پنجاب ٹورازم فار اکنامک گروتھ، فیملی پلاننگ پروگرام اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، شرکا نے پنجاب کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے پائیدار نظام پر خصوصی توجہ دینے پر اتفاق کیا۔
بینک نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں تعلیم، صحت، سماجی فلاح اور گورننس کے معیار کی تعریف کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف غیرملکی سرمایہ کاری سے چلنے والے منصوبوں کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کر رہی ہیں اور ایک مربوط ڈیش بورڈ کے ذریعے ان کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا اور منصوبہ بندی میں اوورلیپنگ سے بچاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سماجی تحفظ، تعلیم، صحت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبوں میں بینک کا تعاون انتہائی قابلِ قدر ہے، پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری ڈیٹا اور ڈلیوری سپورٹ پروگرام جیسے اقدامات سماجی تحفظ کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ورلڈ بینک وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی گورننس، وژن اور منصوبہ جاتی رفتار و معیار کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔