اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے عالمی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابزارکی ملاقات ہوئی۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق ملاقات میں سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین بھی موجود تھے، وفاقی وزیر احد چیمہ نے ناجی بینہسین کی خدمات کو سراہا۔
احد چیمہ نے امید ظاہر کی نئی کنٹری ڈائریکٹر کنٹری شراکت داری فریم ورک پر عملدرآمد میں تعاون کو یقینی بنائیں گی۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے صوبوں سے مکمل تعاون کررہی ہے۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق عالمی بینک وفد نے کہا اب تک سی پی ایف پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ پاور سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، احد چیمہ نے واضح کیا کہ ہم ایسی اصلاحات لارہے ہیں جن کے نتائج دوررس ہوں گے۔