ورلڈ بینک کا پاکستان کیساتھ سی پی ایف کے تحت 20 ارب ڈالر کے معاہدے کا اعلان

Published On 01 March,2025 12:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی معیشت میں استحکام کا اعتراف، ورلڈ بینک نے 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی قرضے پر مشتمل کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت 10 سالہ معاہدے کا اعلان کر دیا ہے۔

ورلڈ بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہیسن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام مضبوط ہوتا جا رہا ہے، یہ معاشی استحکام 10 سالہ معاہدے کیلئے مناسب وقت تھا۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو 20 ارب ڈالر ترقیاتی قرض دینے پر توجہ مرکوز کرے گا، پاکستان کے ساتھ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2026 کے بعد سے یہ فنڈنگ کلین انرجی اور کلائمیٹ رزیلینس کیلئے دی جائے گی، یہ ورلڈ بینک اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کا اہم لمحہ ہے، اس وقت پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے کہا کہ پاکستان میں طویل مدتی ترقی کے لیے نئے مقاصد اور منصوبے ہیں، یہ منصوبے عالمی بینک کی ترجیحات سے بالکل ہم آہنگ ہیں۔