اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا کہ مرحلہ وار سرکاری اداروں کی نجکاری کریں گے، رواں سال پہلے مرحلے میں 10 سے زائد سرکاری اداروں کی نجکاری کا ہدف ہے۔
عالمی بینک کے وفد کی وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احد چیمہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمی بینک کا تیسرا بڑا وفد آنا خوش آئند ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کریں گے، پی آئی اے اور باقی اداروں کی نجکاری اگلے مرحلے میں ہوگی۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ اگلے 3 سے 4 برسوں میں تقریباً 50 سرکاری اداروں کی نجکاری کا پلان ہے، عالمی بینک کے تعاون سے پاور سیکٹر کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔
احد چیمہ نے کہا کہ عالمی بینک کے ساتھ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کے لئے تحقیق اور ماڈلز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں نوجوانوں اور خواتین کی تربیت کے پروگرامز جاری ہیں۔