عالمی بینک کے تعاون سے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کامیاب بنائیں گے: احد چیمہ

Published On 23 January,2025 08:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزرکی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو کامیاب بنائیں گے، آج سی پی ایف پروگرام کی باقاعدہ رونمائی پر عالمی بینک کے مشکور ہیں۔

احد چیمہ نے کہا کہ سی پی ایف کے تحت 20 ارب ڈالر کی منظوری اقتصادی محاذ پر بڑی کامیابی ہے، سی پی ایف سے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹرز میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبہ عالمی بینک کے معیار کے مطابق معیشت کے لئے سازگار ماحول فراہم کرے گا، عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کریں گے۔

احد چیمہ نے کہا کہ جن منصوبوں میں کچھ تکنیکی مسائل کا سامنا ہے ان کو فوری حل کر رہے ہیں، امید ہے عالمی بینک آئی ڈی اے کے تحت بھی اضافی فنڈز فراہم کرے گا۔

اس موقع پر مارٹن ریزر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ٹیم کے ساتھ تعاون مزید بڑھائیں گے، سی پی ایف کی کامیابی کے لئے پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔