اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی بینک نے ہائیڈل، توانائی اور اداروں میں اصلاحات سمیت کئی شعبوں میں تعاون کیا، عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری مضبوط ہے۔
پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج جو اصلاحات ہو رہی ہیں وہ دہائیوں پہلے ہونی چاہئیں تھیں، عالمی بینک کا پاکستان کے سسٹم پر اعتماد ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے ہائیڈل، توانائی، اداروں میں اصلاحات ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا، عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کا فریم ورک 10 سال پر محیط ہوگا، شراکت داری فریم ورک سے آئی ٹی کے شعبے میں بھی ترقی ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، تعلیم، صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور زراعت کے فروغ پر رقم خرچ ہوگی، ہم مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈ بینک کے صدر کے مشکور ہیں، آج ایک تاریخی اور خوشی کا دن ہے، شراکت داری معاہدے سے غربت کا خاتمہ اور تعلیمی شعبے میں بہتری آئے گی، کرپشن کے خاتمے سے فنڈز تعلیم،صحت اور دوسرے شعبوں کو میسر ہوں گے۔