احسن اقبال سے عالمی بینک کے وفد کی ملاقات، معاشی تعاون کو مستحکم بنانے پر گفتگو

Published On 17 February,2025 09:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ورلڈ بینک ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے اقتصادی چیلنجز اور ترقیاتی ایجنڈے پر عالمی بینک کے وفد کو بریفنگ دی، ملاقات کے دوران پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کا وژن، درآمدی انحصار کم کرنے کا عزم ہے، پانچ سال میں پاکستان کی برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت، صنعت، سروس سیکٹر، آئی ٹی، مائننگ، بلیو اکانومی اور تخلیقی صنعتوں پر فوکس ہے، نیٹُو کے قیام سے قومی اقتصادی ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاونت ملے گی۔

ملاقات میں عوامی و نجی شراکت داری، خواتین کی شمولیت اور مساوی ترقی کے فروغ پر زور دیا گیا، ورلڈ بینک کا پاکستان کی پائیدار ترقی میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔