کراچی :(دنیا نیوز) پی آئی اے نے فضائی آپریشن اور مینٹی نینس سے متعلق غلط اعداد و شمار کی سختی سے تردید کردی۔
پی آئی اے کے ترجمان کےمطابق انجینئرنگ سوسائٹی کا اعلامیہ گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہے، نام نہاد سوسائٹی بین الاقوامی فورمز پر بلاوجہ توجہ دلانے کی کوشش کر رہی ہے، ذاتی مفادات کے لیے ملکی ہوابازی کی ساکھ داؤ پر لگائی جا رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فضائی حفاظت کا ذمہ دار ادارہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ہے،تمام طیاروں کی فٹنس، پروازوں کے روٹس اور شیڈول سول ایوی ایشن کی منظوری سے ہوتے ہیں، بین الاقوامی ضوابط کے مطابق پی آئی اے کے تمام آپریشنز جاری ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ انجینئرنگ سوسائٹی کے رہنماؤں کی قابلیت پاکستان انجینئرنگ کونسل سے تصدیق شدہ نہیں، نجکاری رکوانے اور ذاتی مفاد کے لیے جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے، گزشتہ دو روز میں انجینئرنگ ہڑتال کے باعث کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پروازوں کی منسوخی موسم یا آپریشنل وجوہات کے باعث ہوئی، جہاز کی ونڈ سکرین سے متعلق خبریں گمراہ کن اور تکنیکی حقائق کے برعکس ہیں، ونڈ سکرین کی صرف اندرونی تہہ میں معمولی کریک آیا، پرواز کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے واقعات دیگر بڑی ایئرلائنز میں بھی عام ہیں، سٹیل ٹیپ کی تصاویر کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، انتظامیہ نے اب تک کسی انجینئر کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی،برخاستگی چار ماہ سے جاری ضابطہ جاتی کارروائی کا نتیجہ تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ برخاست انجینئرز اب سوسائٹی کے آئین کے مطابق اپنے عہدوں پر نہیں رہے، جھوٹا پروپیگنڈا دفعہ 124A کے تحت قابل تعزیر جرم ہے، پی آئی اے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
پی ئی اے ترجمان نے مزید کہا کہ قومی ادارے کی ساکھ مجروح کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام قومی ایئرلائن میں فشاری گروہوں کی کارروائیوں سے نالاں ہیں، ادارے اور اِس کے اثاثے عوام کی ملکیت ہیں، پی آئی اے انتظامیہ اور عملہ ادارے کی ساکھ کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔



