کراچی: (دنیا نیوز) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان میں کرپشن سے متعلق اپنی رپورٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیکس میں کہیں نہیں کہا کہ پاکستان میں کرپشن بڑھی، اخبارات اور کچھ سیاستدانوں نے رپورٹ کو غلط انداز میں بیان کیا ہے، موجودہ حکومت کے بدعنوانی کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں۔
چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سہیل مظفر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں نیب کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے، بعض اخبارات اور سیاستدانوں نے غلط بیانی کی جس سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
سہیل مظفر نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل انڈیکس میں شامل ڈیٹا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا نہیں ہوتا، رپورٹ میں 13 مختلف ذرائع کے اعدادوشمار شامل ہوتے ہیں، اسکور کم ہونا یہ ظاہر نہیں کرتا کہ کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔