نوشہرہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا نوشہرہ قاضی میڈیکل کمپلیکس میں ڈائلاسز سنٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارے صوبے میں انتشار تھا، اس کو ہم نے ختم کر دیا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت کے خلاف جو سازش کر رہے تھے، ان کو نکال دیا، انشاء اللہ کل تک بلوچستان اور پنجاب کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ جو معاہدہ کیا گیا تھا، اس پر عمل در آمد جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی پارٹی کے خلاف جس نے باتیں کی ہیں، ان کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ پارٹی میں انتشار پیدا کرنے والوں سے جواب طلب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان وزرا کے اگر اپنے ذاتی مسئلے حل ہوتے ہیں تو پھر حکومت ٹھیک، اگر نہ ہو تو حکومت کرپٹ، اگر کوئی مسئلہ تھا تو مجھ سے بات کرتے، انتشار پھیلانے کی ضرورت نہیں تھی۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کا ہمارے صوبے کے وزرا سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان کا کوئی عمل دخل ہے۔