میئر کراچی کا ڈی جی رینجرز کو خط، کے ایم سی کی زمین پر قبضہ ختم کرانیکا مطالبہ

Last Updated On 09 February,2020 04:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی وسیم اختر کی جانب سے ڈی جی رینجرز سندھ کو لکھے گئے خط میں کے ایم سی کی زمین پر قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف آئی درج ہونے کے باوجود کارروائی نہیں ہو رہی، مدد کی جائے۔

 

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان بھی پولیس کارکردگی سے غیر مطمئن ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے پولیس رویے سے تنگ آ کر ڈی جی رینجرز سندھ کو خط لکھ دیا ہے۔

میئر کراچی کی جانب سے ڈی جی رینجرز سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کے ایم سی آفیسرز سوسائٹی کی زمین پر مافیا قبضہ کر رہا ہے۔ دسمبر میں مافیا کے کارندوں نے کے ایم سی سوسائٹی کے دفتر پر قبضہ کیا۔

وسیم اختر نے لکھا کہ جنوری کو پاک کالونی تھانے میں زمین پر قبضے کی ایف آئی آر درج کرائی، تاہم پولیس نے ایک ماہ گزرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔ رینجرز قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے میں مدد کرے۔