لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کو پناہ گاہ بنانے کیخلاف درخواست پر حکم امتناع جاری کر دیا۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے 10 روز میں جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے خلاف تبسّم ڈار کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سابق وفاقی وزیر کے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے حکومتی اقدام کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل مصباح الحسن نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گھر کی نیلامی کرنے سے روک دیا تھا لیکن پنجاب حکومت نے اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کو غیر قانونی طور پر پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ پنجاب حکومت نے عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی، قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ کسی کے گھر کو اس کی مرضی کے بغیر پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل مصباح الحسن نے عدالت سے استدعا کی کہ اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے حکومتی اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔