کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نعیم الحق کی نمازہ جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی کابینہ کے وزراء، سیاسی اور سماجی شخصیت سمیت رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کینسر کے مرض میں مبتلا تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق گزشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے تھے، ان کے نماز جنازہ میں شرکت کے لیے صبح سے ہی سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ ان کے رشتہ داروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کے جسد خاکی کو سٹیڈیم روڈ پر واقع نجی سپتال سے ڈیفنس کے مردہ خانے منتقل کیا گیا۔
سہ پہر کو میت ڈیفنس خیابان اتحاد کی مسجد عائشہ لائی گئی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر وزرا اور ارکان اسمبلی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ن لیگ کا وفد بھی خصوصی طور پر نماز جنازہ بھی شریک ہوا۔ ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی، پیپلز پارٹی، جی ڈی اے اور ق لیگ سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنما جنازے میں شریک ہوئے۔ رہنماؤں نے نعیم الحق کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد نعیم الحق کو گذری میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
نعیم الحق کی غائبانہ نماز جنازہ کل وزیراعظم ہاؤس میں ادا کی جائیگی جس میں مختلف ممالک کے سفیر بھی شرکت کریں گے۔ نماز جنازہ میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔