نعیم الحق کی وفات پر سیاسی رہنماؤں کے تعزیتی پیغامات

Last Updated On 16 February,2020 11:14 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما نعیم الحق 70 سال کی عمر انتقال کر گئے ہیں، ان کے انتقال پر پی ٹی آئی رہنما اور سیاسی قائدین نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے نعیم الحق تحریک انصاف کے بانی ارکان میں سے تھے اور وہ جنوری 2018ء سے خون کے سرطان میں مبتلا تھا۔ وہ کراچی کی نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ انتقال کرگئے۔

نعیم الحق کے انتقال پر ملکی سیاسی قیادت نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کی انتقال سے نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہوگیا ہے۔ کینسر کے خلاف نعیم الحق کو کینسز کے خلاف ہمت و حوصلے سے لڑتے ہوئے دیکھا، آخری وقت تک نعیم الحق پارٹی امور میں سرگرم رہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کے انتقال پر انتہائی دکھ و رنج ہے۔ نعیم الحق پی ٹی آئی کے 10 بانی ممبران میں سے ایک تھے۔ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمیشہ مخلص و وفادار رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی 23 سالہ جدوجہد میں ہر مشکل میں نعیم الحق میرے ساتھ رہا۔ 2سال سے میں اسے حوصلے اور جرات کے ساتھ کینسرسے لڑتے دیکھ رہا تھا۔ آخر تک وہ پارٹی معاملات میں شریک تھے۔ نعیم الحق نےجب تک ہوسکا کابینہ میٹنگزمیں شرکت کی۔ ان کے جانے سے پیداہونے والا خلا کبھی پورا نہیں ہوگا۔

دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نعیم الحق کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے، صدر مملکت نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نعیم الحق کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نعیم الحق کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا۔ نعیم الحق کے اہل خانہ اور تحریک انصاف کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے شیروں کی طرح کینسر کی بیماری کا مقابلہ کیا۔ ایک دوست اور بڑے ساتھی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، اللہ تعالیٰ نعیم الحق کی بخشش فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، انہوں نے کینسر کے خلاف جنگ عزم کے ساتھ لڑی۔ ان کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابل قدر ہے۔ وہ ایک بہترین دوست تھے اور ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔

دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی سینئر رہنما کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق عمران خان کے دکھ، سکھ کے ساتھی رہے، نعیم الحق کینسر جیسے موذی مرض کے ہاتھوں شکست کھاگئے۔

دریں اثناء چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے نعیم الحق کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے، نعیم الحق کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، نعیم الحق کینسر جیسے مرض سے شیر کی طرح لڑے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نعیم الحق کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق کے انتقال کا سن کر شدید دکھ ہوا، ان کے پارٹی کیلئے بیش بہا خدمات تھے، خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے لواحقین کےساتھ کھڑے ہیں، نعیم الحق بہترین ساتھی اور بہادر کارکن تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کون تھے؟

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے نعیم الحق کے صاحبزادے امان الحق کو ٹیلی فون کیا اور افسوس کا اظہار کیا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کینسر جیسے موذی مرض سے بہادری سے لڑے، تحریک انصاف کے بانی رہنما کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی جمہوریت کے لیے قربانیاں قابل ستائش ہیں۔

تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے بھی انتقال پر دکھ و تعزیت کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے مخلص دوست اور تحریک انصاف کے محسن نعیم الحق کا انتقال پارٹی کے ہر کارکن اور عوام کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کارکنان کے حقوق کے چیمپئن تھے، ان کا خلاء کھبی پر نہیں ہو سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی پارٹی رہنما نعیم الحق کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ نعیم الحق کے ساتھ ناصرف گہرا سیاسی تعلق تھا بلکہ ایک ذاتی قربت بھی تھی اور وہ ہمیشہ شفقت و محبت سے پیش آتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آج جس مقام پر ہے، اس میں نعیم الحق کی بے انتہا محنت اور لگن شامل ہے، ان کی شخصیت اور خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نعیم بھائی کے جانے سے صرف پی ٹی آئی کو نہیں ہر ایک کو نقصان ہوا ہے، میرے لئے تو بڑے بھائی تھے، سب سے کہیں گے ان کے لئے دعا کریں، انتہائی بہادر آدمی تھے۔ مجھے کچھ دن پہلے ملے تھے اور کہا تھا کہ پارٹنر میں بالکل ٹھیک ہوں۔

 صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کا پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی اورپارٹی کابہت بڑااثاثہ تھے۔ اللہ پاک نعیم الحق کے اہل خانہ کوصبرجمیل عطاءفرمائے۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار نعیم الحق کی وفات سےتحریک انصاف دیرینہ رہنما سے محروم ہو گئی: گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان مرحوم نعیم الحق پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے. گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ‏ گورنر خیبر پختونخوا کا غمزدہ خاندان کیساتھ گہری ھمدردی کا اظہار اور مرحوم کی مغفرت کی دعا

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، میں، بلال غفار، ارسلان تاج، خرم شیر زمان اور دیگر رہنما اس وقت نعیم بھائی کے ہاں آغا خان۔ میں موجود ہیں لیکن نعیم بھائی ہمارے پاس نہیں... اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے

ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق بھائی کے سانحہ ارتحال پر ہم سب سوگوار ہیں،اہل خانہ سے اظہار تعزیت، پی ٹی آئی اور خان صاحب کے لیے یہ ایک ان مٹ گھاؤ ہے جو ہمیں نعیم بھائی کوکبھی بھولنےنہیں دے گا...اللہ تعالٰی انہیں کروٹ کروٹ کروٹ نصیب فرمائے

سابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اسحق ڈار نے لندن سے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان تحریک انصاف کے مرحوم رہنما نعیم الحق کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
 

Advertisement